ٹولی پیر سے واپسی پر شام ہو چکی تھی لہٰذا چند کلو میٹر کی اُترائی کے بعد گھوڑی مار کےگیسٹ ہاؤس میں ہمارا قیام ہوا۔ رات یہاں گزاری۔ہم روشنی ختم ہونے سے کچھ دیر قبل یہاں پہنچ گئے تھے اس لئے یہاں سے نیچے کا خوبصورت اور وسیع و عریض نظارہ کرنے کا موقع مل گیا۔ گھوڑی مار کا یہ علاقہ نہایت خوبصورت اور سبزے سے گھرا ہوا ہے۔ یہاں سے ایک ہائیکنگ ٹریک ٹولی پیر تک بھی جاتا ہے۔آج کا ہمارا سفرضلع باغ میں واقع گنگا چوٹی کے لئے شروع ہوگا۔ٹولی پیر روڈ ابھی زیر تعمیر ہے اس لئے ہمیں بعض مقامات پر راستے کلئیر ہونے کا انتظار بھی کرنا پڑا۔گھوڑی مار سے گنگا چوٹی کا فاصلہ تقریباً64کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔راولا کوٹ سے ہوتے ہوئےہم ضلع باغ میں داخل ہوئے۔
گنگا چوٹی آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں سدھن گلی کے قریب واقع ہے۔سطح سمندر سے تقریباً10,000فٹ بلند اس پہاڑ سے اردگرد کا خوبصورت اور وسیع نظارہ کیا جا سکتا ہے ۔ سدھن گلی سے شروع ہونے والی سڑک نئی تعمیر کی گئی ہے ۔ اور اس کے دونوں اطراف نہایت خوبصورت نظارے دکھائی دیتے ہیں۔ دیار کے بلند و بالا درخت اور نیچے پھیلی گھاس آنکھوں کو طراوت بخشتی ہے۔
سدھن گلی سے اوپر کی جانب پکی مگر خطرناک روڈ کے ذریعہ یہاں پہنچا جائے تو یک دم سبزگھاس کا قالین سامنے آجا تا ہے اور آس پاس تمام مناظر کھل جاتے ہیں۔
گنگا چوٹی کی baseمیں واقع پارکنگ سے کچھ پہلے ہی اس کے Meadowsشروع ہو جاتے ہیں۔ دونوں اطراف میں سبزا ہی سبزانظر آتا ہے۔
گنگاچوٹی کی baseپر گاڑیوں وغیرہ کے لئے پارکنگ کی جگہ بنائی گئی ہے۔ یہاں سے آگے پیدل ہائیکنگ کرنا ہوتی ہے۔
یہ تمام راستہ سبز مخملی گھاس سے بھرپور ہےاور یوں معلوم ہوتا ہے گویا کسی نے گھاس کو خاص انداز میں کاٹا ہے۔شروع کی ہائیکنگ نسبتاً آسان ہے اور ساتھ ساتھ کھلے میدان بھی آتے ہیں جہاں بیٹھ کر آپ آرام کر سکتے ہیں۔
Baseسے آگے کچھ چڑھائی کے بعد گنگا چوٹی نامی پہاڑ آتا ہےجس کی چڑھائی سیدھی اور مشکل ہے۔
گنگا چوٹی کے چاروں اطراف میں تا حد نگاہ سرسبز پہاڑ نظر آتے ہیں جو ایک روح پرور نظارہ پیش کرتے ہیں۔
Baseسے چڑھائی کے لئے تقریباً 2سے 3گھنٹے لگتے ہیں۔
واپسی پر اترتے ہوئے آہستہ آہستہ آنا چاہیے کیونکہ اُترتے ہوئے پھسلنے کا خدشہ ہوتا ہے۔
پختہ سڑک بننے کےباعث گنگا چوٹی سیاحوں کی ایک بڑی تعداد کی توجہ کا مرکز بن چکی ہے۔ اس لحاظ سے انتظامیہ کو چاہیے کہ یہاں سیاحوں کے لئے بہتر انتظامات کئے جائیں اور اسی طرح صفائی ستھرائی کا بھی خاص طور پر خیال رکھا جائے۔
Ganga Choti,Azad Kashmir – گنگا چوٹی آزاد کشمیر
(Visited 143 times, 1 visits today)